نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جمعہ کو سہ ماہی اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا، جبکہ جولائی کے ماہانہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ کے تحت 37 پیسے فی یونٹ کمی کی بھی منظوری دی۔
نیپرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 1 روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی ہے جسے وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے بلوں میں جمع کی جائے گی۔
2023-24 کے لیے 0.93 روپے فی یونٹ کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اگست میں ختم ہو جائے گی، اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت ستمبر کے بلوں میں اضافی 0.82 روپے فی یونٹ وصول کیے جائیں گے۔
نیپرا نے 28 اگست 2024 کو ہونے والی درخواست پر سماعت کے بعد جولائی کے ماہانہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ کے تحت 37 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری بھی دی، اور یہ ریلیف ستمبر کے بلوں میں ظاہر ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جون کی فیول چارج ایڈجسٹمنٹ اگست کے بلوں میں 2.56 روپے کے اضافے سے وصول کی گئی۔ اس لیے ستمبر کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2.93 روپے فی یونٹ کمی ہوگی اور دونوں ایڈجسٹمنٹ کو ملا کر صارفین کو ستمبر میں مجموعی طور پر 2.11 روپے فی یونٹ کا ریلیف ملے گا۔